منگلورو 10/اکتوبر(ایس او نیوز) منگلورو تعلقہ کے کنّی گولی نامی مقام پر پہاڑی علاقے میں ایک انسانی ڈھانچہ دستیاب ہوا ہے جو بظاہر خود کشی کی شکل میں ہے مگر شبہ کیا جارہا ہے کہ شاید اس شخص کا قتل کیا گیا ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق رمیش اور گریش نامی دو مقامی نوجوان جانوروں کا چارہ جمع کرنے کے لئے پہاڑی علاقے میں گئے ہوئے تھے۔ انہیں ایک جگہ بے انتہا بد بو محسوس ہوئی تو ان لوگوں نے قریب جاکر دیکھا۔ وہاں پر ایک درخت سے کپڑے کا پھندہ لٹک رہا تھااور نیچے زمین پر لیٹی ہوئی پوزیشن میں ایک ڈھانچہ پڑ ا ہواتھاجو کہ تقریباً6فٹ لمبا ہے اور اسے دیکھنے سے لگتا ہے کہ شاید ایک مہینے پہلے اس کی موت واقع ہوئی ہے۔چونکہ کپڑے کا پھندا درخت پر زمین سے صرف دو فٹ کی اونچائی پر بندھا ہوا ہے اس لئے شبہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ اس شخص کی موت کی وجہ خود کشی کے بجائے قتل ہوسکتی ہے۔ملکی پولیس نے موقع پر پہنچ کا معائنہ کیا اور تحقیقات شروع کردی ہے۔